تل ابیب۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں ایک ہندوستانی شہری کو فلیٹ میں رہنے والے اپنے ساتھی کو چھرا گھونپنے کی پاداش میں ماخوذ کیا گیا ہے۔ یہ ساتھی بھی ہندوستانی شہری تھا۔ دونوں کے درمیان اپارٹمنٹ کے اصول و ضوابط کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا۔ تل ابیب میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے 36 سالہ پیٹرک جانسن کے خلاف مواخذہ کی کارروائی کی ہے۔ جانسن کیرالا سے تعلق رکھتا ہے اور اس نے ساتھی آرتھر فلپ کو چھرا گھونپا تھا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوا۔ فلپ بھی کیرالا سے تعلق رکھتا ہے۔ دونوں تل ابیب میں مقیم تھے۔ 7 جون کو یہ واقعہ پیش آیا جس میں آرتھر فلپ کی موت واقع ہوئی تھی۔ اس کا ایک اور ساتھی بھی چاقو سے زخمی ہوا جو اس وقت دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ اٹارنی نوم سویٹ کے داخل کردہ مواخذہ کی کارروائی کے مطابق ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ایک بیرونی ورکر نے اپنے فلیٹ میں ساتھ رہنے والے دو ساتھیوں کو زخمی کردیا ہے۔ ان کے درمیان فلیٹ میں رہنے کے اصول و ضوابط کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا۔
