تل ابیب۔ 27ستمبر (یو این آئی) اسرائیل نے غزہ کی جانب رواں پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کیلئے اسپیشل بحری کمانڈوز کی خدمات حاصل کرلیں۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی چینل 12 نے خبر نشر کی کہ ایسے فوجی منصوبہ کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں جس کا مقصد گلوبل صمود فلوٹیلا کو سمندر میں روکنا ہے ۔
آئرلینڈ کے وزیراعظم کا اسرائیل کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
نیویارک۔ 27ستمبر (یو این آئی) آئرلینڈ کے وزیراعظم نے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے خلاف کارروائی کریں۔ مارٹن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ غزہ کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے اور اسرائیل کی جنگ کو انسانی وقار اور شائستگی کی توہین کے طور پر تنقید کرتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ بھوک کو جنگ کے ایک آلہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے سرحد پر امداد کے ٹرک سڑ رہے ہیں اور بچے بھوک سے مر رہے ہیں لوگ اپنے اہل خانہ کے لیے خوراک کی تلاش میں گولی کھا کر ہلاک ہو رہے ہیں، اسکولوں، اسپتالوں، مساجد، ثقافتی اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔ مارٹن نے اقوام متحدہ کی انکوائری کی طرف اشارہ کیا جس میں پتہ چلا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ ایک نسل کشی ہے اور رکن ممالک سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔