اسرائیل کے انخلا سے قبل امن کی کوئی بات نہیں ہوگی: الشرع

   

دمشق : میڈیا ذرائع نے انکشاف کیا ہے شام کے صدر احمد الشرع نے امریکی سینیٹر کوری ملز کو پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کے شام سے انخلا سے قبل اس کے ساتھ امن کی کوئی بات نہیں ہوگی۔ کوری ملز نے اس ماہ کے شروع میں دمشق کا دورہ کیا تھا۔ اسی دوران احمد الشرع کی ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ العربیہ کے ذرائع نے بتایا کہ احمد الشرع نے ملز کو تصدیق کی کہ اسرائیل ریاست کے ساتھ امن کی کوئی بات نہیں کی جائے گی اس سے پہلے کہ وہ شامی علاقوں سے مکمل طور پر دستبردار ہو جائے۔سینیٹر نے ان سے دمشق کی جانب سے امن معاہدہ کرنے کی رضامندی کے بارے میں پوچھا تو شامی صدر نے شام پر اسرائیلی بمباری بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ امریکی رکن کانگریس کوری ملز نے کہا کہ انہوں نے احمد الشرع کے ساتھ شام اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی پابندیاں ہٹانے اور امن کی شرائط پر بات چیت کی ہے۔ فلوریڈا کے ریپبلکن سینیٹر ملز نے بلومبرگ کو بتایا کہ وہ بااثر شامی امریکیوں کے ایک گروپ کے زیر اہتمام ایک غیر سرکاری فیکٹ فائنڈنگ مشن پر دمشق گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹرمپ، ان کے معتمد اور قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز کو مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 44 سالہ ملز نے مزید کہا کہ وہ احمد الشرع کے ساتھ 90 منٹ تک بیٹھے رہے اور انہیں بتایا کہ امریکہ کو کیا ہونے کی توقع ہے۔