اسمبلی اسپیکر کا کام ارکان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے: محبوبہ مفتی

   

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اسمبلی اسپیکر کا کام ارکان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے نہ کہ سینسر کے طور پر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کی سرگرمیوں کی شفافیت اور عوامی آگاہی کو پارلیمانی طرز عمل کی خلاف ورزی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے ۔محبوبہ مفتی کا یہ بیان جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر کی جانب سے بجٹ اجلاس سے قبل ہاؤس بزنس نوٹس کی تشہیر کا سنجیدہ نوٹس لینے کے بعد آیا ہے ۔اسپیکر نے ارکان سے کہا ہے کہ وہ استحقاق کی خلاف ورزی سے باز رہیں۔محبوبہ مفتی نے اتوار کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاکہ اگرچہ راتھر صاحب (جموں وکشمیر اسمبلی اسپیکر) قانون سازی کی کارروائی کے تقدس کے تحفظ سے فکر مند ہو سکتے ہیں، لیکن بحیثیت اسپیکر، ان کا بنیادی کردار اراکین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے نہ کہ سینسر کے طور پر کام کرنا’۔انہوں نے کہاکہ قانون سازی کی سرگرمیوں کی شفافیت اور عوامی آگاہی کو پارلیمانی طرز عمل کی خلاف ورزی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے ‘۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے برعکس عوام کو نوٹسز، سوالوں اور قرار دادوں کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کرنے سے جوابدہی کو فروغ ملتا ہے ‘۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘کئی اہم پارلیمانی بل، جیسے حالیہ وقف بل، مہینوں سے عوامی سطح پر زیر بحث ہیں’۔انہوں نے پوسٹ میں کہاکہ افسوس کے ساتھ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ راتھر صاحب جو کہ ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں، آئینی عہدے پر فائز ہوتے ہوئے ایک طرح کا “مارشل لا” لگا رہے ہیں’۔