حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : اب جب کہ بی جے پی امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کرنے کی تیاری کررہی ہے ، پارٹی کی قومی سطح کی نائب صدر اور سابق وزیر ڈی کے ارونا نے کل اعلان کیا کہ وہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ نہیں کریں گی ۔ مسز ارونا نے دہلی میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ انہوں نے ان کے اس فیصلہ سے ہائی کمان کو مطلع کردیا ہے اور حلقہ اسمبلی گدوال سے ان کے بجائے کسی بی سی قائد کو پارٹی ٹکٹ دینے کے لیے کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی قائدین کو زیادہ نشستیں دینے پارٹی کی پالیسی کے حصہ کے طور پر میں نے اسمبلی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ وہ آئندہ سال لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کریں گی ۔ ڈی کے ارونا نے 2018 میں کانگریس امیدوار کے طور پر گدوال سے مقابلہ کیا تھا اور انہیں بی آر ایس امیدوار بی کرشنا موہن ریڈی کے مقابلہ شکست ہوئی تھی ۔