اسمبلی انتخابات میں ہریش راؤ ناقابل تسخیر

   

تین ضمنی انتخابات کے بشمول 6 عام انتخابات میں مسلسل کامیابی

حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے ٹروبل شوٹر و ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے اپنی علحدہ اور منفرد شناخت بنائی ہے اور کئی نئے ریکارڈس قائم کئے ہیں۔ انہوں نے تاحال 3 ضمنی انتخابات کے بشمول 6 مرتبہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے اس انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو یہ ان کی 7 ویں کامیابی ہوگی۔ سال 2004 کے انتخابات میں بی آر ایس کے سربراہ موجودہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے ساتھ حلقہ لوک سبھا کریم نگر سے مقابلہ کیا تھا اور دونوں حلقوں پر کامیابی حاصل کی اُس وقت یو پی اے کا ٹی آر ایس حصہ تھی اور کے سی آر کو مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اسمبلی نشست سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد منعقدہ اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کے سی آر نے اپنا اسمبلی حلقہ سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ کے حوالے کردیا تھا جہاں ہریش راؤ نے ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد ہریش راؤ نے اپنے سیاسی سفر میں کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، ہر انتخابات میں ان کی اکثریت بتدریج بڑھتی رہی ہے۔ گذشتہ 2018 کے انتخابات میں ہریش راؤ نے تلنگانہ میں سب سے زیادہ اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے اپنے حریف کانگریس امیدوار سرینواس ریڈی کے خلاف 1,18669 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ سال 2014 کے انتخابات میں انہیں 83,328 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوئی۔2010 کے ضمنی انتخاب میں انہیں 95,853 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوئی ۔ سال 2009 کے انتخابات میں ہریش راؤ نے 64,677 ووٹوں کی اکثریت حاصل کی۔ سال 2008 کے ضمنی انتخاب میں 56,935 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد چار انتخابات میں انہوں نے 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں کی اکثریت حاصل کی جس میں ایک مرتبہ ایک لاکھ ووٹوںکی اکثریت بھی شامل ہے۔ ہریش راؤ کے خلاف مقابلہ کرنے والے کانگریس امیدواروں کی 5 مرتبہ ضمانت ضبط ہوگئی۔ن