اسمبلی بجٹ سیشن کا آج آغاز، گورنر شیوپرتاپ شکلا مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

   

20 مارچ کو ریاستی بجٹ کی پیشکشی، اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان، حکومت اور اپوزیشن کی حکمت عملی تیار
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کے بجٹ سیشن کا کل 16 مارچ سے آغاز ہو رہا ہے۔ گورنر شیوپرتاپ شکلا 11:45 بجے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ تلنگانہ کے گورنر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شیوپرتاپ شکلا کا پہلی مرتبہ دونوں ایوانوں سے خطاب ہوگا۔ حکومت نے 20 مارچ کو ریاستی بجٹ برائے مالیاتی سال 2026-27 پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا جو وزیر فینانس بھی ہیں اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ قانون ساز کونسل کا اجلاس نظام دور حکومت کی تعمیر کردہ عمارت میں ہوگا جس کی مرمت اور تزئین نو کا کام انجام دیا گیا ہے۔ جوبلی ہال کے بجائے اسمبلی کے احاطہ میں قدیم عمارت میں کونسل کا پہلا اجلاس رہے گا۔ گورنر کے خطبہ کے بعد بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ایام کار کا تعین کیا جائے گا۔ اسمبلی اور کونسل کے بجٹ سیشن کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے اور توقع ہے کہ حکومت 10 دن تک اجلاس کو جاری رکھے گی۔ اجلاس کے پہلے دن اسمبلی کے احاطہ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی۔ بجٹ سیشن میں بی آر ایس سربراہ اور قائد اپوزیشن کے سی آر کی شرکت کے بارے میں صورتحال واضح نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر گورنر کے خطبہ کے موقع پر ایوان میں شریک ہوسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مختلف بلز کو پیش کرنے اور عوامی امور پر مباحث کی تیاری ہے۔ غیر منظم ورکرس کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی پر بحث کا امکان ہے۔ تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن کی رپورٹ اور سفارشات پر بھی بحث ہوگی۔ سوشیل میڈیا کے استعمال اور نابالغ بچوں کی جانب سے سوشیل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر ایوان میں گرما گرم مباحث کا امکان ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کا ایکشن پلان جاری کردیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ جسٹس پی سی گھوش کمیشن رپورٹ اور دیگر امور پر بھی مباحث کا امکان ہے۔ بی آر ایس، بی جے پی نے حکومت کو گھیرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ مغربی ایشیا میں جنگ کی صورتحال پیش نظر ایل پی جی بحران پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ گوداوری اور کرشنا کے پانی کے تقسیم کے مسئلہ پر مباحث کا امکان ہے اور آندھراپردیش کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے پراجکٹس کی مخالفت کی جائے گی۔ گزشتہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے گوداوری کے پانی پر پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دیا گیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دونوں ایوانوں میں پارٹی ارکان اسمبلی کو پوری تیاری کے ساتھ شرکت کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے وزراء اور ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ اپوزیشن کے الزامات کا منہ توڑ جواب دیں۔ کسی بھی مسئلہ پر مکمل معلومات کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں۔ بجٹ سیشن میں ڈپٹی اسپیکر کے تقرر پر غیر یقینی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ گزشتہ سال جون میں پارٹی ہائی کمان نے ڈورنکل کے رکن اسمبلی رامچندر نائک کو ڈپٹی اسپیکر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج اس سلسلہ میں پیشرفت نہیں ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ رامچندر نائن کابینہ میں شمولیت کا مطالبہ کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں تاخیر ہو رہی ہے۔ حکومت کے ڈھائی سال گذرنے کے باوجود ڈپٹی اسپیکر کے عدم تقرر پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔ 1