اسمبلی چناؤ، الیکشن کمیشن آف انڈیا ٹیم کی 22 جون کو حیدرآبادآمد

,

   

تین روزہ قیام، مختلف محکموں کیساتھ اجلاس، وکاس راج کی اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت

حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار اور پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کا مقصد اسمبلی چناؤ کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ضروری امور سے واقف کرانا تھا۔ وکاس راج نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر دھرمیندر شرما کی قیادت میں 22 تا 24 جون حیدرآباد کا تین روزہ دورہ کرے گی۔ ٹیم میں ڈپٹی الیکشن کمشنرس اور الیکشن کمیشن کے سینئر عہدیدار موجود رہیں گے۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم کے دورہ کا مقصد مجوزہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔ یہ ٹیم چیف الیکٹورل آفیسر، اسپیشل پولیس نوڈل آفیسر اور سی آر پی ایف نوڈل آفیسر کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی۔ الیکشن میں حفاظتی انتظامات سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم ضلع کلکٹرس، ایس پیز اور مختلف انفورسمنٹ ایجنسیوں بشمول انکم ٹیکس، نارکوٹکس کنٹرول بیورو، ایکسائیز ڈپارٹمنٹ، اسٹیٹ جی ایس ٹی، سنٹرل جی ایس ٹی، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی، ڈائرکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلیجنس، آر پی ایف، سی آئی ایس ایف اور اسٹیٹ کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی۔ مشاورت کا مقصد ریاستی اور ضلعی سطح پر تمام محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے بتایا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ضلع پولیس عہدیداروں کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے سرحدی چیک پوسٹ کی نگرانی پر زور دیا اور کہا کہ انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی ڈپارٹمنٹس کو اس سلسلہ میں سرگرم ہونا چاہیئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس اور اسپیشل پولیس نوڈل آفیسر سنجے جین، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سواتی لکرا، انسپکٹر جنرل شاہنواز قاسم، سنپریت سنگھ آئی پی ایس کے علاوہ چیف الیکٹورل آفس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی، عہدیداروں کی ٹریننگ اور ڈسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ کی تیاری اور بندوبست پلان کا جائزہ لیا گیا۔یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاسی جماعتوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد پڑوسی ریاست تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ دل بدل کے علاوہ مختلف جماعتوں کی جانب سے حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔ ر