سیکوریٹی، انتخابی ضابطہ اخلاق اور امن و ضبط کی برقراری پر رہنمائی، وکاس راج اور دیگر ریاستوں کے عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔/30 اگسٹ،( سیاست نیوز) تلنگانہ کے مجوزہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے حصہ کے طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پولیس عہدیداروں کیلئے ایک روزہ ٹریننگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر میں منعقدہ ٹریننگ پروگرام کا مقصد انتخابی مہم اور رائے دہی کے موقع پر سیکوریٹی انتظامات اور آزادانہ و منصفانہ انتخابی عمل کے لئے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے نئی ٹکنالوجی اور چیالنجس کا حوالہ دیا اور کہا کہ انتخابی امور کے بارے میں میڈیا بڑے پیمانے پر کوریج کرتا ہے۔ ایسے میں حکام کیلئے اصلاحی اقدامات پر عمل کرنا دشوارکن بن جاتا ہے۔ ٹریننگ کا مقصد پولیس عہدیداروں کو نئی حکمت عملی اور ٹیکنک سے واقف کرانا ہے تاکہ الیکشن کے دوران سیکوریٹی برقرار رہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے عہدیداروں کو سیکوریٹی سے متعلق مختلف امور سے واقف کرایا جن میں مشتبہ گاڑیوں کی تلاشی، غیرقانونی طور پر شراب اور رقم کی منتقلی روکنا اور پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات شامل ہیں۔ انہوں نے پرامن اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے شفافیت کے ساتھ اقدامات پر زور دیا۔ انجنی کمار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر تقریباً 700 پولیس عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے۔ بین ریاستی سرحدی علاقوں میں 80 تا 85 چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں جو چھتیس گڑھ، مہاراشٹرا، کرناٹک اور اوڈیشہ سے مربوط ہیں۔ کلوز سرکٹ کیمرے نصب کرتے ہوئے نظر رکھی جائے گی اور چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر عارض آفتاب نے انتخابی تیاریوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دیا۔ انہوں نے پولنگ بوتھس کی زمرہ بندی اور حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کے علاوہ سیکوریٹی انتظامات پر روشنی ڈالی۔ ماقبل الیکشن اور مابعد رائے دہی انتظامات سے واقف کرایا۔ ٹاملناڈو کے چیف الیکٹورل آفیسر ستیہ برتا ساہو نے انتخابی ضرورتوں، سیکوریٹی کی فراہمی اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسیس کی تعیناتی جیسے امور سے واقف کرایا۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کی تفصیلات پیش کی۔ ٹریننگ پروگرام میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سنجے کمار جین، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل مہیش بھاگوت، کمشنر راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، کمشنر حیدرآباد سی وی آنند، کمشنر سائبرآباد اسٹیفن رویندرا، ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار اور جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد نے شرکت کی۔