نئی دہلی: ہندوستان نے موہالی ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ایک بڑی کامیابی درج کی ہے۔ ٹیم انڈیا آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ٹیم انڈیا نے اس دوران پاکستان کو پچھاڑ کر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ بھارت اس وقت کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پہلے نمبر پر ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی ٹیم تینوں فارمیٹس ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میں ایک ہی وقت میں آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔بھارتی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں 116 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 115 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔ پہلا ون ڈے ہارنے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم کو ریٹنگ پوائنٹس میں 2 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھا۔