حیدرآباد ۔ /3 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آئی پی ایس عہدیدار اسٹیفن رویندرا دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر رجوع ہوگئے ۔ آندھر اپردیش چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے اقتدار حاصل کرتے ہی اسٹیفن رویندرا کو وہاں کا انٹلیجنس سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس ضمن میں مرکز کو مکتوب روانہ کرکے اسٹیفن رویندرا کو آندھراپردیش تبادلہ کرنے کی گزارش کی تھی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اسٹیفن رویندرا آنجہانی چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی سے قربت رکھتے تھے جس کے نتیجہ میں انہیں آندھراپردیش میں باوقار عہدہ دینے جگن موہن ریڈی نے فیصلہ کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے 1999 ء آئی پی ایس عہدیدار کو انٹلیجنس سربراہ بنائے جانے کے خلاف ناراضگی اور یہ اطلاع وزارت داخلہ کو تھی ۔ مرکز نے اسٹیفن رویندرا کو بین ریاستی تقرر کرنے کی اجازت دینے سے گریز کیا جس کے بعد وہ اپنا عہدہ بحیثیت انسپکٹر جنرل آف پولیس ویسٹ زون میں ڈیوٹی سے رجوع ہوگئے ۔