اسٹیٹ آرکیوز کے قیمتی دستاویزات کے تحفظ کا پراجکٹ

   

نور انٹر نیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی خدمات کی ستائش

حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤکے چیف پی آر او جے نرسمہا راؤ نے نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر تارناکہ کا دورہ کیا۔ نرسمہا راؤ نے ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ آرکیوز ڈاکٹر زرینہ پروین، ڈپٹی ڈائرکٹر مہیش ریڈی، سریکانت، محمد عبدالرقیب اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر شریمتی سندھیا رانی کے ہمراہ ڈیجٹلائزیشن اور آرکیوز ریکارڈ اور مینواسکرپٹ کے تحفظ اور ان کے کیٹلاگ کی تیاری کے کاموں کا جائزہ لیا۔ نرسمہا راؤ نے ڈاکٹر مہدی کھاجے پوری ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی جانب سے شروع کردہ پراجکٹ کی ستائش کی۔700 سال قدیم فارسی اور اردو کے نادر مخطوطات اور دستاویزات کا تحفظ کرنے کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ 1406 سے 1948 تک کے مخطوطات نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کے اسٹاف نے کاموں کی تفصیلات اور عملی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے مخطوطات کے تحفظ کی اہمیت اور افادیت سے واقف کرایا۔ سابقہ حکمرانوں کے فرمان اور دیگر اہم دستاویزات کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ نرسمہا راؤ نے تلنگانہ اسٹیٹ آرکیوز کیلئے نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی ایک سالہ کارکردگی کی ستائش کی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے 7 ستمبر 2022 کو معاہدہ کے بعد 3 اکٹوبر 2022 کو پراجکٹ کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کے علی اکبر نیرومند نے پراجکٹ اور کام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔