چیف منسٹر ایوان میں عوامی مسائل سے بچ سکتے ہیں مگر عوامی عدالت میں نہیں بچ سکتے
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی پر احمق کی طرح کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر وہی کررہے ہیں جو چیف منسٹر کے سی آر چاہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ان کے پاس دوسرا کوئی کام نہیں ہے اور نہ ہی انہیں آزادانہ فیصلے کرنے کے اختیارات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں کسی جماعت کا ایک بھی رکن اسمبلی ہوتا تو اسے بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا جاتا تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے ایوان کی روایت کو ملیامیٹ کردیا ہے ۔ جب بھی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتا ہے تب مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے لوگ اپنے اپنے مسائل کو لے کر سیاسی پارٹیاں اور ارکان اسمبلی سے رجوع ہوتے ہیں تاکہ انہیں ایوان اسمبلی میں موضوع بحث بناتے ہوئے اس کا حل برآمد کیا جاسکے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 80 تا 90 دنوں تک اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوا کرتے تھے ۔ بجٹ سیشن 40 تا 45 دنوں پر مشتمل ہوتا تھا ۔ گذشتہ اسمبلی سیشن میں بغیر کسی وجہ کے بی جے پی کے ارکان اسمبلی کو معطل کردیا گیا ( وی آر اے ) ( وی آر او ) کے علاوہ قبائلی طبقہ کے عوام نے بی جے پی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کو پیش کیا تھا مگر حکومت نے ہمیں اسمبلی سے معطل کردیا جس کی وجہ سے ہم ان کے مسائل پیش نہیں کرسکے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ غریب عوام کی زبردستی اراضیات چھین لیتے ہوئے حکومت لینڈ بروکر کی طرح برتاؤ کررہی ہے ۔ عوامی مسائل پر آج ایوان میں تبادلہ خیال ہونا چاہئے تھا تاہم صرف 5 منٹ میں دن بھر کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے اسمبلی سیشن کو پیر تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ایوان اسمبلی میں عوامی مسائل سے چیف منسٹر بچ سکتے ہیں مگر حکومت کو عوام اپنی عدالت میں سزا دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملے تو عوامی مسائل کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ بصورت دیگر عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جائے گی ۔۔ ن