اسپیکر اسمبلی سمیت اہم قائدین نے کورونا ویکسین لیا

   

بھارت بائیو ٹیک کو محفوظ ٹیکہ کی تیاری پر مبارکباد

حیدرآباد۔ نمس دواخانہ میں تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر مسٹر پوچارم سرینواس ‘ ڈپٹی اسپیکر مسٹر پدما راؤ گوڑ کے علاوہ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کیا اور ٹیکہ کے حصول کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کمپنی بھارت بائیوٹیک کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ حیدرآباد میں کو ویکسین کے نام سے اس کمپنی نے دنیا کا محفوظ ترین ویکسین تیار کیا ہے۔ مسٹر پوچارم سرینواس نے بتایا کہ انہیں ٹیکہ کے حصول میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے اور وہ نمس میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی خدمات کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کے دوران اور اب ٹیکہ اندازی کی مہم میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں ٹیکہ اندازی کے معیاری انتظامات کئے گئے ہیں اور عوام کی جانب سے ان انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہاہے۔ انہو ںنے بھارت بائیوٹیک کو دنیا کے محفوظ ترین ٹیکہ کی تیاری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکہ کی تیاری میں بھارت بائیوٹیک کی کامیابی اور دنیا بھر میں ٹیکہ کی ستائش کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ حیدرآباد کورونا وائرس کے خلاف ٹیکہ کے مرکز میں تبدیل ہونے لگا ہے ۔ریاست کے کئی دواخانوں میں سیاسی قائدین نے ٹیکہ حاصل کرنے کے بعد عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹیکہ لینے میں کوئی خوف محسوس نہ کریں بلکہ آرام سے ٹیکہ لیں اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔