زخمیوں سے ملاقات، سڑک کے توسیعی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 3 ۔نومبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے چیوڑلہ کے مرزا گوڑہ میں پیش آئے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقام حادثہ پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، قانون ساز کونسل میں چیف وہپ پی مہیندر ریڈی ، ارکان اسمبلی کے یادیا ، رام موہن ریڈی ، منوہر ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ اسپیکر نے حادثہ کا شکار بس کا معائنہ کیا اور عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے حادثہ کے زخمیوں سے بھی بات چیت کی اور حکومت کی جانب سے موثر علاج کا تیقن دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ تیز رفتار ٹپر نے مخالف سمت سے آنے والی آر ٹی سی بس کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگا ریڈی کے انچارج وزیر سریدھر بابو کی نگرانی میں بچاؤ اور راحت کے اقدامات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہلوکین کے پسماندگان کیلئے 7 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی نے سڑک کے توسیعی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ مستقبل میں ٹریفک حادثات کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے دو مرتبہ نمائندگی کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے توسیعی کاموں کو درمیان میں روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گرین ٹریبونل میں زیر دوران مقدمہ کے سبب سڑک کے توسیعی کام میں تاخیر ہوئی ہے ۔1