بیجنگ : چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر کے دورہ تائیوان پر بائیڈن انتظامیہ کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نینسی پیلوسی کا دورہ تائیوان آئندہ ماہ اگست میں متوقع ہے جس پر چین نے سخت ردعمل دیا ہے۔روئٹرز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں چین نے اس مرتبہ زیادہ سختی سے خبردار کیا ہے۔چینی حکومت نے ذاتی طور پر اپنا ردعمل امریکی انتظامیہ تک پہنچایا ہے اور ممکنہ طور پر عسکری کارروائی کی بھی دھمکی دی ہے۔وائٹ ہاؤس کی نیشنل سکیورٹی کونسل اور محکمہ خارجہ نے فی الحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔خیال رہے کہ تائیوان کے ارد گرد چین کی جانب سے بحیرہ جنوبی چین میں فوجی تنصیبات اور عسکری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے تاکہ تائیوان کی جمہوری حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے کہ وہ چین کے اقتدار کو تسلیم کرے۔دوسری جانب تائیوان کی حکومت کا مؤقف ہے کہ اس کے دو کروڑ سے زائد عوام کو ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے اور چین کی جانب سے حملے کی صورت میں وہ اپنا دفاع کر سکتے ہیں۔