اسکول انتظامیہ کو دسویں کے انٹر نل مارکس کی جانچ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔10 جون(سیا ست نیوز) محکمہ تعلیم نے دسویں جماعت کے طلبہ رکھنے والے اسکولوں کے ذمہ داروں اور انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ دسویں جماعت کے طلبہ کے انٹرنل مارکس محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر چیک کرلیں اور اگر ویب سائٹ پر ان کے اسکول کے طلبہ کے انٹرنل مارکس موجود نہیں ہیں تو وہ فوری اپنے ڈپٹی ڈی ای او‘ایم ای او یا پھر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر سے 11جون کو دن میں 11بجے تک شخصی طور پر ربط پیدا کریں ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اگر کسی اسکول کے دسویں جماعت کے طلبہ کے نشانات ویب سائٹ پر موجود نہیں ہیں اور اس کے باوجود اسکول انتظامیہ اور ذمہ داروں کی جانب سے مذکورہ عہدیدارو ںسے معلنہ مدت میں شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے اس کا اندراج نہیں کروایا گیا تو جن طلبہ کے نشانات محکمہ تعلیم کو نہیں موصول ہوئے ہیں ان طلبہ کو دسویں جماعت میں ترک تعلیم کرنے والا تصور کیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع کے سرکاری ‘ نیم سرکاری ‘ رہائشی اور خانگی اسکولوں کے انتظامیہ اور ذمہ داروں کے لئے محکمہ تعلیم کی جانب سے یہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔