اشتعال انگیز تقاریر پر ایف آئی آر کامطالبہ

   

نئی دہلی۔ 2 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اشتعال انگیز بیان دینے کے سلسلہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں کپل مشرا، انوراگ ٹھاکر اور پرویش ورما کے خلاف فوری ایف آئی آر (ایف آئی آر) درج کرنے سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ چہارشنبہ کو سماعت کرے گا۔عرضی دائر کرنے والے شمال مشرقی دہلی کے 10 عرضی گذاروں کی جانب سے سینئر وکیل کولن گنزالویس نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے ، جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس سوریہ کانت کی بنچ کے سامنے معاملہ کا خاص طور سے ذکر کیا اور فوری طور پر سماعت کی درخواست کی۔انہوں نے دلیل دی کہ دہلی تشدد میں 10 افراد روز مر رہے ہیں۔ گزشتہ رات ہی پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ نے معاملہ کو ایک ماہ کے لئے ٹال کر غلط کیا ہے ۔ اس معاملے کی فوری سماعت ہونی چاہئے ۔اس پر جسٹس بوبڈے نے کہا کہ ہم درخواست کی سماعت کریں گے ، آپ کو یہ ضرور سمجھنا چاہئے کہ ہمارے پاس اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے کوئی اقدام نہیں ہے ۔ ہم فسادات ہو جانے کے بعد ہی تصویر میں آتے ہیں۔ عدالت کبھی بھی ایسے واقعات پیش ہونے سے نہیں روک سکتی ۔گنزالویس نے معاملہ کی سماعت کے لئے زور دیا اور کل سماعت کرنے کی درخواست کی۔ جسٹس بوبڈے نے ، تاہم کل کے بجائے چہارشنبہ کو سماعت کیلئے حامی بھر دی۔