اشرف غنی دوسری میعاد کیلئے افغانستان کے صدر منتخب

   

کابل 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اشرف غنی دوسری میعاد کے لئے افغانستان کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ 28 ستمبر 2019 ء کو منعقدہ انتخابات کے قطعی نتائج کا الیکشن کمیشن کی جانب سے آج اعلان کیا گیا۔ کمیشن نے اشرف غنی کو منتخب قرار دیا جنھوں نے 50.64 فیصد ووٹ حاصل کئے۔ الیکشن کمیشن کے صدرنشین عالم نورستانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نتائج کے اعلان میں 5 ماہ کی تاخیر ہوئی کیوں کہ اشرف غنی کے اصل حریف عبداللہ عبداللہ کی جانب سے ووٹنگ میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ جس کے بعد دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ جنگ زدہ ملک افغانستان میں انتخابات کو لے کر عوام میں بھی زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔