مراد آباد ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلمی اداکار سلمان کے سابق مسلح محافظ نے اسٹرائیڈز
(Steroids)
دوا کا استعمال کر کے جمعرات کے دن مراد آباد میں دہشت پھیلادی۔ باڈی گارڈ اور باڈی بلڈر انس قریشی کو قابو میں کرنے کیلئے رسیوں اور مچھلی کے جالوں کا استعمال کرنا پڑا۔ جمعرات کے دن صبح میں مقامی لوگ یہ دیکھ کر دہشت زدہ ہوگئے کہ نیم برہنہ ہوکر انس قریشی نے راہرؤں کے ساتھ بدتمیزی کرنا شروع کردی اور اطراف و اکناف کی موٹر گاڑیوں پر انہوں نے پتھر بھی پھینکے۔ اس کے بعد ایک لوہے کی سلاخ ان کے ہاتھ لگ گئی جس کا استعمال کر کے انہوںنے وہاں کھڑی ہوئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ۔ اس حادثہ کا ویڈیو جب میڈیا میں آگیا تو لوگوں نے دیکھا کہ سینکڑوں لوگ اور ان کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ قریشی کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ قریشی نے کھلاڑیوں وغیرہ کی توانائی میں اضافہ کی دوا Steroids کی زیادہ خوراک کھالی تھی اورضمنی اثرات (سائیڈ ایفکٹ) کے سبب اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے تھے۔ انہیں ضلعی دواخانہ سے بعد میں بریلی کے پاگل خانے میں منتقل کیا گیا ۔ دو سال قبل تک قریشی شیرا نامی شخص کی سرکردگی میں سلمان خاں کے شخصی محافظ کی خدمات انجام دیا کرتے تھے اور بعد میں وہ ممبئی میں باؤنسر کی خدمت انجام دینے لگے۔ انہیں مہاراشٹرا کے ایک وزیر کے محافظین کی ٹیم میں بھی شامل کیا گیا تھا ۔ قریشی 10 روز قبل ہی اپنے شہر مراد آباد واپس آئے تھے ۔ انہوں نے دو دن قبل ہی ’’مسٹر مراد آباد‘‘ کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا ۔ انہیں انعام اول کا مستحق قرار دیا گیا تھا ۔ تاہم انہوں نے باڈی بلڈنگ کے مقابلے میں ہار کر اسٹرائیڈ کی زیادہ خوراک استعمال کرلی جس سے ان کا دماغ الٹ گیا ۔ وہ عصمت دری کے 2017 کے ایک مقدمہ میں بھی جیل بھیجے گئے تھے ۔