حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے بارش سے متاثرہ 20 اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو بتایا کہ چیف منسٹر صورتحال پر مسلسل ربط میں ہیں اور وہ انسانی جانوں کے اتلاف اور دیگر نقصانات سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دے چکے ہیں۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ کلکٹریٹس میں کنٹرول روم قائم کریں تاکہ متاثرہ علاقوں کے عوام امداد کی صورت میں رجوع ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں بھیڑ بکریوں، دیگر جانوروں اور املاک کے نقصان سے بچنے سرکاری مشنری چوکس رہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تمام سینئر عہدیداروں کو ہیڈکوارٹر پر موجود رہ کر نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی نگرانی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں ریاست کے تمام تالاب، ذخائر آب اور جھیل لبریز ہوچکے ہیں لہذا عہدیداروں کو ہائی الرٹ کی ضرورت ہے تاکہ تالابوں میں شگاف اور دیگر نقصانات کو روکا جاسکے۔ انہوں نے تباہ سڑکوں کی فوری مرمت کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے این ڈی آر ایف کی خدمات حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ کام کرتے ہوئے نقصانات سے عوام کو بچانا چاہیئے۔