اظہار خیال کی آزادی خطرہ میں: ملیکارجن کھرگے

   

گلبرگہ میں ورکنگ جرنلسٹس کانفرنس ،سابق وزیر دیوے گوڑا اور قائد اپوزیشن راجیہ سبھا کا خطاب

گلبرگہ ۔قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ، ممتاز کانگریسی قائد ڈاکٹر میلکارجن کھرگے نے کہا کہ پریس و میڈیا کی آزادی جمہوریت کا ایک اہم حصہ ہے اور ہندوستانی پریس ہمیشہ سے جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے اور اس کی حفاظت کرنے کے لئے ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ قائد موصوف 4جنوری کو گلبرگہ میں ریاستی سطح کی کرناٹک ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کی چھتیسویںکانفرینس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، ڈاکٹر کھرگے نے کہا کہ آج کل اظہارر خیال کی آزادی خطرہ میںپڑی ہوئی ہے۔ اگر یہی صورت حال جاری رہی تو اس صورت میںمہاتما گاندھی نے اپنی تحریک کے ذریعہ جس آزادی خیال کو ممکن بنایا تھا اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے دستورہند کی تدوین کرکے جسے قانونی شکل دی تھی وہ نہایت خطرات سے گھر جائیگی ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم ہند مسٹر ایچ ڈی دیوے گوڑہ نے کہا کہ آج ملک کی صورت حال بہت کچھ بدل چکی ہے ۔ اگرچیکہ میں سابق میں ملک کا وزیر اعظم رہ چکا ہوں لیکن کئی بار مجھے پارلیمینٹ میں اظہار خیال کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور اس طرح جو کچھ ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے نے کہا ہے وہ بالکل سچ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے ریاست میں علاقائی پارٹی کو مضبوط کیا جائے ۔مسٹر دیوے گوڑا نے کہا کہ وہ اس کے لئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ریاستی ورکنگ جرنلسٹ کی گلبرگہ میں منعقدہ مذکورہ بالا کانفرینس کے اختتامی اجلاس سے قبل ریاست کرناٹک اور گلبرگہ کے مختلف صحافیوں کو ایوارڈس سے نواز اگیا ۔