اعظم خان اور فرزندعبداللہ اعظم ہاسپٹل سے جیل منتقل

,

   

لکھنو:سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محمد اعظم خان کو آخر کار منگل کے روز دو مہینے بعد میدانتا اسپتال سے چھٹی مل گئی۔ کووڈ پازیٹو پائے جانے کے بعد ان کو ہاسپٹل میں بغرض علاج داخل کرایا گیا تھا۔ لیکن ہاسپٹل سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد انھیں گھر جانے کی اجازت نہیں ملی بلکہ اعظم خان کو سیدھے سیتا پور جیل لے جایا گیا جہاں انھیں ہاسپٹل میں داخل کیے جانے سے قبل رکھا گیا تھا۔ اعظم خان کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بھی ہاسپٹل سے چھٹی مل گئی ہے اور انھیں بھی سیتاپور جیل لے جایا گیا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم کی حالت بگڑنے کے بعد انھیں 9 مئی کو میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اعظم خان کو پھیپھڑے اور گردے سے متعلق سنگین پیچیدگیاں تھیں اور اسپتال میں ان کے رہنے کی مدت کو بڑھا دیا گیا تھا۔ اعظم خان، ان کے بیٹے اور بیوی تزئین فاطمہ کو گزشتہ سال فروری میں چوری، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے کئی معاملوں میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ تزئین فاطمہ کو دسمبر 2020 میں ضمانت پر رِہا کر دیا گیا لیکن اعظم خان اور ان کے بیٹے کو عدالت نے ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔