نئی دہلی: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو پیر کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دراصل سپریم کورٹ نے اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم سے متعلق عرضی کو خارج کر دیا۔ اعظم خان نے اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ کیس میں چارج شیٹ کو منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ اعظم کے بیٹے عبداللہ اعظم کے جعلی برتھ سرٹیفکیٹ کیس میں کارروائی جاری رکھے گی اعظم خان نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس کیس میں چارج شیٹ کو منسوخ کرنے سے انکار کرنے کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ درخواست پر سماعت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ٹرائل کورٹ میں شواہد کی بنیاد پر ٹرائل آگے بڑھنا چاہیے۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس وکرم ناتھ کی بنچ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ 1993 میں اپنی پیدائش کے سال کی بنیاد پر اتنے سالوں تک جاری رہے، لیکن آپ کو الیکشن لڑنا پڑا، اس لیے آپ نے نیا سرٹیفکیٹ بنایا۔ اس میں افسر بھی مجرم ہو سکتا ہے بنچ نے سماعت میں یہ بھی کہا کہ آپ کو جعلسازی اور دھوکہ دہی کے سیکشن 468 اور 420 کے تحت الزامات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب اعظم خان کے سینئر وکیل کپل سبل نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر مجبور نہیں کیا، اس میں ترمیم اور منسوخی کا عمل ہے۔ پہلا سرٹیفکیٹ رام پور سے جاری ہوا، جسے ہم نے منسوخ کر دیا۔ تو یہ جعلی دستاویزات کے دائرے میں کیسے آسکتا ہے۔