اترپردیش اسمبلی انتخابات 2027ء میں سماج وادی پارٹی کو شکست دینے 2017ء کے گومتی ندی معاملہ کا احیاء، سی بی آئی اور ای ڈی متحرک
حیدرآباد۔25۔نومبر(سیاست نیوز) اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار حاصل کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جانے تیار ہے!اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کے تحت کئے جانے والے اقدامات اب غیر کارکرد ثابت ہونے لگے ہیں اور اعظم خان کی رہائی اور ان کے بیانات بھارتیہ جنتاپارٹی کی نیند اڑانے لگے ہیں ۔ ووٹوں کی تقسیم کی سیاست کارگر نہ ہونے کی صورت میں اب بی جے پی نے سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے استعمال کا فیصلہ کرلیا ہے!سی بی آئی ذرائع کے مطابق ’گومتی ندی کو خوبصورت‘ بنانے کے پراجکٹ میں ہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں 1500 کروڑ مالیت کے اس اسکام کے متعلق سی بی آئی نے ایک مقدمہ درج کررکھا تھا اب اس مقدمہ میں شواہد کی بناء پر کاروائی کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ اترپردیش میں ’رام مندر چندہ چوری‘ اور یوگی حکومت کی ناکامیوں سے نمٹنے میں ناکامی کے بعد بی جے پی نے ووٹوں کی تقسیم کی سیاسی حکمت عملی تیار کی تھی لیکن اعظم خان کی رہائی کے بعد اس میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اتر پردیش میں انتخابی حکمت عملی کو ناکام ہوتے دیکھ بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اب پارٹی 2017 میں درج کئے گئے مقدمہ کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی اور اس کے قائدین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی پر عمل کرنے کی تیاری کرنے لگی ہے۔ ’گومتی ندی‘ کو خوبصورت بنانے کا پراجکٹ جو کہ سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں شروع کیاگیا تھا اس پراجکٹ میں دھاندلیوں کی شکایت پر سی بی آئی نے نومبر 2017 میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیاتھا اور اس مقدمہ میں سی بی آئی نے 200 سے زائد افراد کو ملزم بناتے ہوئے تحقیقات شروع کی تھیں جن میں کنٹراکٹرس ‘ عہدیدار‘ کے علاوہ دیگر شامل تھے۔ اس مقدمہ کی تحقیقات کے دوران سی بی آئی کے ساتھ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھی شامل ہوگئی تھی اور ای ڈی نے بھی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی تھیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سماج وادی پارٹی کے اقتدار میں 2015 کے دوران انجام دیئے گئے اس پراجکٹ میں دھاندلیوں کے الزامات کے متعلق اب یہ اطلاعات جاری کی جانے لگی ہیں کہ مذکورہ پراجکٹ میں دھاندلیوں کی توثیق ہوچکی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ 2017 میں درج کئے گئے مقدمہ کے بعد 2018 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا اور اس مقدمہ میں بھی اب کاروائیوں کو تیز کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے دوران سی بی آئی نے کسی اہم شخصیت کو اس مقدمہ میں شامل نہیں کیاتھا لیکن بعد ازاں ’گومتی ندی‘ اسکام معاملہ کی تحقیقات کو وسعت دیتے ہوئے سی بی آئی نے اس وقت کے چیف سکریٹری آلوک رنجن اور پرنسپل سکریٹری محکمہ آبپاشی دیپک سنگھل سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔ بتایاجاتاہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اب اس وقت کے وزیر آبپاشی شیوپال سنگھ یادو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحقیقات کے لئے طلب کیاہے۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی سے عین قبل جبکہ ریاست میں بی جے پی کو عوامی برہمی کے علاوہ سیاسی ہتک کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ایسے وقت میں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے متحرک ہونے اور ’گومتی ندی‘ معاملہ میں تحقیقات کا آغاز کئے جانے پر مختلف قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں۔اترپردیش اسمبلی انتخابات سے کافی قبل اترپردیش میں مجلس اتحادالمسلمین نے سرگرمیوں کا آغاز کردیا تھا اور بعد ازاں چندر شیکھر آزاد(راون) اور بیرسٹراسدالدین اویسی کے درمیان اتحاد کے ساتھ 403 نشستوں پر مقابلہ کا اعلان کیاگیا لیکن اس کے باوجود بھی اترپردیش کے عوام میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوتی نظر نہیں آرہی ہے اور بی جے پی نتائج کے متعلق خوفزدہ ہے۔ اسی اثناء میں سپریم کورٹ نے سابق ریاستی وزیر اعظم خان کو جو راحت دی ہے اس کے بعد وہ عوام کے درمیان ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ذریعہ موجود ہیں اور ان کے بیانات نے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کررکھی ہے۔ اعظم خان کے بیانات اترپردیش کے مسلمانوں کو متحد کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیںاور بھارتیہ جنتا پارٹی اترپردیش میں مسلمانوں کے درمیان پیدا ہونے والے اس اتحاد سے مزید خوفزدہ ہونے لگی ہے کیونکہ اعظم خان اپنے بیانات کے ذریعہ عوام کے درمیان مذہبی نفرت پھیلانے کے بجائے انسانیت کی فلاح و بہبود کے علاوہ مختلف مذاہب و طبقات کے درمیان اتحاد ‘ عدل و انصاف کی بات کرر ہے ہیں۔3