افادیت سے عاری مودی حکومت کی بیدخلی ضروری : ممتا

   

کولکاتا 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت کے اخراج پر زور دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج اُس پر ملک کے ذخائر چوری کرنے کا الزام عائد کیا اور تعجب ظاہر کیاکہ کس طرح وہ قوم کی سلامتی کو یقینی بنائے گی جبکہ وہ رافیل فائیلوں کی حفاظت نہیں کرسکی۔ موجودہ حکومت کے دوران کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں 260 فیصد اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت وادی میں امن بحال نہیں کرسکی کیوں کہ اِس کی افادیت کی تاریخ ختم ہوچکی ہے۔ انتخابات کے بعد مرکز میں نئی حکومت کشمیر میں امن و استحکام لائے گی۔ ممتا بنرجی بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر یہاں ایک ریالی سے مخاطب تھیں جس کے دوران اُنھوں نے آنے والے لوک سبھا الیکشن کے لئے اپنی پارٹی کی مہم کا آغاز کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ آپ (نریندر مودی حکومت) نے اِس ملک کے ذخائر اور رقومات کا سرقہ کرلیا ہے اور اسے آپ کی پارٹی کی فنڈنگ کے لئے استعمال کررہے ہو۔ کس طرح ایسی حکومت جو رافیل فائیلوں کی تک حفاظت نہیں کرسکی، ملک کی سلامتی کی حفاظت کرسکتی ہے؟