کراچی۔ دورہ پاکستان پر 14 برس بعد کراچی پہنچنے والی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹسٹ منفی آئے جس کے بعد دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے راحت کی سانس لی ہے۔مہمان ٹیم نے شیڈول کے مطابق اتوار کی صبح کراچی جیم خانہ گراؤنڈ پر پریکٹس کا آغاز بھی کردیا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹسٹ سیریز میں 26 جنوری سے شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ کے لیے مہمان ٹیم نے پہلے روز پریکٹس کا آغاز ہلکی پھلکی ورزشوں سے کیا، دوران پریکٹس کھلاڑی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، جنوبی افریقہ کی ٹیم مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران مسلسل 6 روز تک کراچی جیم خانہ گراؤنڈ پریکٹس کرے گی۔مہمان ٹیم کے ترجمان کے مطابق پیرکو صبح 10 بجے شروع ہونے والی پریکٹس کے بعد دوپہردو بجے افریقی ٹیم کے کپتان کونٹن ڈی کاک ورچل پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ چہارشنبہ کو جنوبی افریقہ ٹیم کے منیجر کی میڈیا کانفرنس ہوگی۔ جمعرات اور جمعہ کو مہمان ٹیم انٹر اسکواڈ میچزکھیلے گی۔ دوسرے کوویڈ ٹسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ہفتہ اور اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر1بجے ٹریننگ کا آغاز کرے گی، اگلے دو روز روزآنہ صبح 10 بجے اوراتوار کو ٹریننگ سیشن کا انعقاد دوپہر 1 بجے ہوگا، ہرسیشن کے اختتام پر اسکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کرے گا، پیر کو صبح 10 ٹریننگ سیشن ہوگا جس کے بعد کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ 26 تا30 جنوری مقرر پہلے ٹسٹ کا ٹاس ابتدائی روزصبح ساڑھے 9 بجے ہوگا جبکہ روزآنہ کھیل کا آغاز 10 بجے ہوگا۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال کے طویل وقفے کے بعد باہمی سیریزکھیلنے پاکستان پہنچ گئی ہے۔جنوبی افریقہ کا 38 رکنی اسکواڈ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا ہے۔ مہان ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین کاانٹن ڈی کاک کررہے ہیں۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹسٹ اور 3 ٹوئنٹی 20 کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹسٹ راولپنڈی میں 4 فروری کو شروع ہوگا۔ سیریز میں شامل دونوں ٹسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ سیریز کے تینوں ٹی 20 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 11، 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔