کراچی ۔جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ کیلئے پاکستان کے 17 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا اور عبداللہ شفیق، کامران غلام اور سلمان علی آغا پہلے ٹسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ قطعی 11 کھلاڑیوں کا فیصلہ کپتان اور ہیڈ کوچ مشاورت سے کریں گے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی ٹسٹ منگل سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جس کے لئے دونوں ٹیموں کی نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ جاری ہے۔پہلے ٹسٹ کے لیے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ ، اظہر علی ، فواد عالم ، سعود شکیل ، فہیم اشرف ، محمد نواز ، محمد رضوان ، سرفراز احمد ، نعمان علی ،ساجد خان ،یاسر شاہ ، حارث روف ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔ ٹیم کے 20 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل باقی تینوں کرکٹرز اسکواڈ کے ہمراہ ہی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔