کابل : امریکی حکام کے مطابق انخلا مکمل ہونے کے بعد پہلی بار امریکی شہریوں کو زمینی راستے سے نکالا گیا ہے۔ ادھر طالبان نے پنج شیر پر مکمل کنٹرول کا دعوی کیا ہے تاہم مخالف فورسز نے لڑائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے انخلا کی تکمیل کے بعد پہلی بار چار امریکی شہریوں کو زمینی راستے سے افغانستان سے نکالا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ افغانستان کی صورت پر تبادلہ خیال کے لیے ایک ہنگامی میٹنگ کے سلسلے میں قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔اس دورے میں شامل ایک افسر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ مذکورہ افسر کا کہنا تھا ’’زمینی راستے سے انخلا کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا عمل تھا جو امریکی محکمہ خارجہ کی کوششوں سے ممکن ہو پا یا ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آخر زمینی راستے کے انخلا کیلئے کس ملک کی سرحد کا استعمال ہوا اور کس شہر سے انہیں امریکہ پہنچایا گیا۔امریکی حکام کے مطابق طالبان بھی اس انخلا سے اچھی طرح واقف تھے اور انہوں نے اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پیر کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے، جہاں ان امور پر بات چیت ہونی ہیکہ امریکی انخلا کے بعد طالبان کی پیش رفت اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔