افغانستان :جنگجوؤں سے جھڑپ 19 ہلاک،فضائی حملے 25 طالبان ہلاک

   

ہرات۔ 6 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں صوبہ ہرات کے ضلع کاراخ میں افغانستانی سکیورٹی فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ میں نو سکیورٹی اہلکاروں اور طالبان کے چیف کمانڈر ملا غیاث الدین اور اس کے نو جنگجوؤں سمیت 19 لوگوں کی موت ہوگئی ۔ صوبائی پولیس کے سربراہ امین االلہ عامر خل نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی ۔ مسٹر عامر خل نے بتایا کہ طالبان کمانڈر ملا غیا ث الدین کی قیادت میں طالبان جنگجوؤں نے سنیچر کی صبح کاضلع کا رخ کے ملومہ علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملہ کیا ۔ یہ جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس میں سکیورٹی فورس کے 9جوانوں کی بھی موت ہو گئی اور خطرناک طالبان کمانڈر سمیت 10 جنگجو مارے گئے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جھڑپ میں 15 سے زائد جنگجوؤں اور چھ سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ ہرات پولیس کے سربراہ نے بتایا سکیورٹی فورس کا صوبے کے دیگر مقامات میں جنگجوؤں کو نشانہ بنانا جاری ہے ۔ طالبان جنگجوؤں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ اس دوران جنوبی قندھار صوبہ کے معروف ضلع میں طالبان کے کمین گاہ پر فضائیہ کے حملے میں مجموعی طور سے 25 طالبان ہلاک ہوگئے ۔یہ اطلاع سنیچر کو صوبائی پولس کے سربراہ توحیدالدین خان نے دی۔افسرکے مطابق یہ فضائی حملہ نیٹو کی قیادت والے ریزولیوٹ سپورٹ مشن کے طیاروں نے سنیچر کی علی الصبح کی جس میں 25 جنگجو جائے واقعہ پر ہی مارے گئے ۔