افغانستان میںپاکستان قونصل خانے کے قریب دھماکہ

   

کابل، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے جلال آبادمیں واقع پاکستان قونصل خانے کے باہر اتوار کی رات ہوئے طاقتور بم دھماکے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے ۔ قونصل خانہ کے تمام ملازم محفوظ بتائے گئے ہیں۔پاکستان کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے پیر کو واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ افغانستان کے حکام کے رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو قونصل خانے کے اہلکاروں اور احاطے کی سیکورٹی بڑھانے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔اس واقعہ میں زخمیوں میں سے ایک پولیس اہلکار اور دو درخواست گزار شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔ابھی تک کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔