افغانستان میں طالبان کے ساتھ بات چیت اچھی پیشرفت : ٹرمپ

   

واشنگٹن، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفارتکار کی جانب سے جنگجو تنظیم طالبان کے ساتھ امن بات چیت میں اہم پیشرفت کی بات کہنے کے بعد اب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے افغانستان میں امن بات چیت کے سلسلے میں اپنی امید کا اظہار کیا ہے ۔امریکی صدر نے بدھ کو ٹوئٹ کیا کہ ’’افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے بعد مذاکرات میں اچھی پیشرفت ہورہی ہے ‘‘۔مسٹر ٹرمپ کے اس اظہار خیال سے چند دن قبل افغانستان میں امن بحالی کے لئے امریکہ کے اہم مذاکرات کار زالمے خلیل زاد نے قطر کی راجدھانی دوحہ میں طالبان کے وفد کے ساتھ اپنی چھ روزہ بات چیت کے بعد اہم مسائل پر ’اہم پیشرفت‘ کی بات کہی تھی۔مسٹر ٹرمپ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’’ہم جلد ہی دیکھیں گے کہ بات چیت کامیاب ہوتی ہے کہ نہیں‘‘۔

چین کے مال بردار جہاز میں آتشزدگی کیپٹن سمیت 11 عملہ کو بچالیا گیا
نانجنگ، 31جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے جیانگسو صوبہ کے ساحل پر جمعرات کی صبح ایک مال بردار جہاز میں آگ لگ گئی، تاہم کیپٹن سمیت 11 عملہ کو بچالیا گیا۔کوسٹ گارڈ اور بچاؤ مراکز کے مطابق جیانگسو صوبہ کے یانگ چینک شہر کے مشرقی ساحل سے 100 بحری میل کی دوری پر واقع مقامی وقت کے مطابق صبح 6:45 بجے مال بردار جہاز میں آگ لگ گئی۔
مال بردار جہاز کے نزدیک سے گذررہے جہازوں سے ملی اطلاع کی بنیاد پر بچاؤ مراکز نے امداد کے لئے ایک ہیلی کاپٹر روانہ کیا جس کے ذریعہ جہاز پر موجود کیپٹن سمیت 11 عملہ کو بچالیا گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا۔