افغانستان میں پیدائشی سرٹیفیکٹ میں ماں کا نام شامل کرنے کی منظوری

   

کابل : اندیشوں سے امکانات کی طرف مرحلہ وار لوٹتی دنیا میں کل ایک اور نئی تبدیلی اس وقت آئی جب انتہائی قدامت پسند ملک تصور کیے جانے والے ملک افغانستان کی حکومت نے بچوں کی پیدائش کے دستاویز پر ماں کا نام شامل کرنے کی منظوری دے دی۔افغانستان میں ابتک بچوں کی پیدائش کے کاغذات پر صرف باپ کا نام لکھا جاتا تھا۔ شادیوں کے دعوت ناموں اور یہاں تک کہ ان کی قبروں کے کتبوں پر بھی خواتین کا نام لکھنا معیوب سمجھا جاتا ہے ۔ یہ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور کارکنان کی کوششوں کا ثمرہ ہے ۔ کابینہ کمیٹی کی اس اجازت کے بعد اب یہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں بل کو قدامت پسند سیاستدانوں کی جانب سے مخالفت کا سامنا بھی رہے گا۔ امید کی جاتی ہے کہ پارلیمانی منظوری کے بعد ملک کے صدر بل پر دستخط کردیں گے ۔حکومت کی کوشش ہے کہ مذکورہ بل کو رواں ماہ 21 ستمبر تک جاری رہنے والے پارلیمنٹ کے اجلاس سے منظور کروائے ۔