کابل۔ 31 مئی (یو این آئی) افغانستان کی وزارت خارجہ نے پاکستان کی جانب سے کابل میں سفیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلام آباد کے لیے اپنے سفیر کی تعیناتی کا اعلان کر دیا۔ یہ پیش رفت چین میں پاکستان، افغانستان اور چینی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے ، گزشتہ روز پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی کو سفیر کا درجہ دیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے 2021 میں افغان طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار افغانستان میں اپنا سفیر مقرر کیا ہے ۔ یہ اقدام کابل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے اور افغان طالبان انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی اسلام آباد کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے ۔ کابل میں پاکستان کے ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی کو سفیر مقرر کیا گیا ہے ، ایک سفارتی ذرائع نے اشارہ دیا تھا کہ طالبان انتظامیہ بھی ممکنہ طور پر اسلام آباد میں اپنے اعلیٰ نمائندے ، مولوی سردار احمد شکیب کو سفیر کے درجے پر فائز کر سکتی ہے ۔ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ’ایکس‘ پر سفیر کی تعیناتی کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حکومت پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کے عہدے کو سفیر کے درجے پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ افغان نیوز آؤٹ لیٹ طلوع نیوز کے مطابق قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی پاکستان کی سرکاری دعوت پر اسلام آباد کا دورہ کریں گے ۔