کابل : افغانستان کے شمال مغربی شہر میمنہ میں طالبان جنگجوؤں نے اختتام ہفتہ پرطاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریڈ کی ہے۔اس شہر میں ایک مقبول کمانڈرکوحراست میں لینے پر بدامنی پھیل گئی تھی اور اس کو ختم کرنے کے لیے طالبان نے بھاری کمک بھیجی تھی۔گذشتہ ہفتے صوبہ فاریاب کے دارالحکومت میمنہ میں ازبک طالبان کمانڈرکواغوا کی سازش میں مبیّنہ روابط کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد شہر میں مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔اس بدامنی کے نتیجے میں ازبک اور پشتون شہریوں اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان نسلی کشیدگی پھیلنے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دونوں نسلی گروہوں کے متعدد ارکان اکا دکاجھڑپوں میں ہلاک ہو گئے ہیں۔افغان وزارت دفاع کے ایک سینیرعہدہ دار لطیف اللہ حکیمی نے اختتام ہفتہ پر اے ایف پی کو بتایا کہ ہم نے ہمسایہ صوبوں سے سینکڑوں جنگجوؤں کو فاریاب بھیجا ہے اور اب صورت حال قابو میں ہے۔