اقلیتوں کیلئے کانگریس کے ڈیکلریشن کی تیاری، ذیلی گروپس کی تشکیل

   

مذہبی اور سماجی تنظیموں سے مشاورت، محمد علی شبیر کی صدارت میں کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی نے میناریٹیز ڈیکلریشن کی تیاری کا کام تیز کردیا ہے۔ سماج کے مختلف گوشوں سے اقلیتوں کے مسائل پر تجاویز حاصل کرنے کیلئے ذیلی گروپس کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ میناریٹیز ڈیکلریشن کمیٹی کا اجلاس صدرنشین محمد علی شبیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے ارکان ظفر جاوید، شیخ عبداللہ سہیل، عظمیٰ شاکر، فہیم قریشی، سید عظمت اللہ حسینی، دیپک جان، محمد راشد خاں، فہیم قریشی ، بی ایزیکل نے شرکت کی۔ کمیٹی نے مختلف مذہبی اور سماجی تنظیموںکے قائدین کے ناموں کو قطعیت دی گئی جن سے ربط قائم کرتے ہوئے میناریٹیز ڈیکلریشن کیلئے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں 5 ذیلی گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں۔ اجلاس کے بعد محمد علی شبیر نے کہا کہ دانشوروں، سیول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں سے تجاویز حاصل کرتے ہوئے ڈیکلریشن میں شامل کیا جائے گا۔ ڈیکلریشن کمیٹی کا آئندہ ہفتہ حیدرآباد میں اجلاس منعقد ہوگا جس میں پارٹی کے اہم قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیمیں اور افراد گاندھی بھون میں اپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں بھی اجلاس منعقد کئے جائیں گے تاکہ اضلاع کے عوام کی رائے حاصل کی جاسکے۔ مسلمانوں کے علاوہ عیسائی، سکھ، جین اور پارسی طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی جائے گی۔ میناریٹیز ڈیکلریشن کے ذریعہ اقلیتوں سے متعلق بی آر ایس حکومت کے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کو اجاگر کیا جائے گا۔ کانگریس کا ڈیکلریشن انتہائی جامع رہے گا۔ کنوینر کمیٹی ظفر جاوید کے مطابق مختلف تنظیموں نے اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔ ایک واٹس ایپ نمبر اور ای میل آئی ڈی جاری کی جائے گی جس پر تجاویز پیش کی جاسکتی ہیں۔ آئندہ چار دنوں میں تجاویز حاصل کرنے کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔