اقلیتی اقامتی اسکولس و جونیر کالجس کے طلبہ کی ایک ماہ سے آن لائن تعلیم جاری

,

   

یوٹیوب ، واٹس ایپ اور دوسرے ایپس کا بھر پور استعمال ، سکریٹری ٹمریز بی شفیع اللہ کا تاثر
حیدرآباد :۔ سکریٹری تلنگانہ مینارٹیز ریزیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ ( ٹمریز ) میں زیر تعلیم طلبہ کو اس مسابقت کی دوڑ میں برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ایک ماہ قبل ہی طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کو موجودہ دور کی عصری و معیاری تعلیم دینے اور مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کرنے کی تمام صلاحیتیں پیدا کرنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کے ذریعہ تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا ۔ رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں تاہم ٹمریز میں ایک ماہ قبل ہی آن لائن کلاسیس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پانچویں جماعت سے انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جارہی ہے ۔ اس کے لیے ٹیچرس اور جونیر لکچررس کے لیے پہلے خصوصی ٹریننگ دی گئی ہے ۔ تربیت یافتہ ٹیچرس اور جونیر لکچررس اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں ۔ اس سے طلبہ پر عائد ہونے والا تعلیمی بوجھ بڑی حد تک گھٹا ہے ۔ انٹر میڈیٹ کے 60 فیصد طلبہ آن لائن کلاسیس میں شرکت کررہے ہیں جب کہ پانچویں تا دسویں جماعت کے 30 تا 40 فیصد طلبہ آن لائن تعلیم کی کلاسیس سے مستفید ہورہے ہیں ۔ چند طلبہ کے پاس انفراسٹرکچر کے بھی مسائل ہیں ۔ تمام طلبہ تک تعلیم کو پہونچانے کے لیے واٹس ایپ اور دوسرے سافٹ ویر سے استفادہ کیا جارہا ہے ، زوم وغیرہ کو بھی ترجیح دی جارہی ہے ۔ جو طلبہ آن لائن کلاسیس کسی وجہ سے اٹنڈ نہیں کرپا رہے ہیں ان کے لیے ویڈیوز یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیے جارہے ہیں ۔ ٹی سیاٹ چینل کا بھی بھر پور استعمال کیا جارہا ہے ۔ ٹیکس بکس طلبہ میں تقسیم کردئیے گئے ہیں اس کے علاوہ 71 جونیر کالجس کو اپ گریڈ کرنے کی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ امکان ہے کہ 15 ستمبر تک اس کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ آئی ائی ٹی کی کوچنگ کے لیے 20 تا 30 طلبہ کا انتخاب کرتے ہوئے ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران دوسرے شعبوں کے ساتھ ٹمریز کو بھی مالی مسائل کا سامنا تھا تاہم اب بجٹ ریلیز ہورہا ہے ۔ اسکولس اور کالجس جو خانگی بلڈنگس میں ہے ان کا کرایہ بھی جاری کیا جارہا ہے ۔۔