حیدرآباد۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے 204 اسکولوں اور 118جونیر کالجس میں تعلیمی سال 2021-2022 میں داخلہ کیلئے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ کے مطابق سوسائٹی کی ویب سائیٹ www.tmreis.telangana.gov.in پر اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدوار درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ مسلم، کرسچن، پارسی، جین، سکھ اور بدھسٹ اقلیتی طبقات کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور او سی طبقات کے امیدوار اقامتی اسکولوں میں پانچویں جماعت اور جونیر کالجس میں انٹر فرسٹ ایر میں داخلہ کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ چھٹویں، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھی داخلے دیئے جائیں گے۔ ڈرا کی بنیاد پر امیدواروں کا داخلہ کیلئے انتخاب کیا جائے گا۔30 اپریل تا 20 مئی آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ پانچویں جماعت کیلئے یکم جون، چھٹویں، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کیلئے 3 جون اور انٹر میڈیٹ کیلئے یکم تا 7 جون لکی ڈرا کا اہتمام کیا جائے گا۔ 6 جون کو داخلوں سے متعلق منتخب امیدواروں کو اطلاع دی جائے گی۔ 8 تا 12جون اسنادات کی جانچ کی جائے گی جبکہ 14 جون سے کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ امیدوار سوسائٹی کے ہیلپ لائن نمبر 04023437909 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ضلع میں متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔