مستحق امیدواروں کا انتخاب ایک چیلنج، 50 ہزار مشینوں کی منظوری کیلئے صدرنشین عبید اللہ کوتوال کی چیف منسٹر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔3۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے غریب اور مستحق خواتین میں 10,000 سیونگ مشینوں کی تقسیم کے لئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع سے جملہ 245341 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور کارپوریشن کیلئے بڑی تعداد میں درخواستوں کا حصول ایک چیلنج بن چکا ہے ۔ 10,000 سیونگ مشینوں کیلئے تقریباً ڈھائی لاکھ درخواستوں کے درمیان مستحق امیدواروں کے انتخاب میں دشواری ہوسکتی ہے۔ غریب خاندانوں کی جانب سے سیونگ مشینوں کے حصول کی مساعی کو دیکھتے ہوئے صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے درخواست کی ہے کہ کارپوریشن کو کم از کم 50,000 مشینوں کی تقسیم کی اجازت دی جائے۔ صدرنشین نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے موصولہ درخواستوں کی تعداد سے واقف کرایا اور کہا کہ محض 10 ہزار مشینوں کی تقسیم سے مستحق خاندانوں کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم 50 ہزار مشینوں کی تقسیم کی اجازت دی جائے تاکہ حیدرآباد اور تمام اضلاع کے درخواست گزاروں سے انصاف کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور جاریہ سال ٹریننگ ایمپلائیمنٹ کے علاوہ دیگر اسکیمات کا آغاز کیا جائے گا ۔ سیونگ مشینوں کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں 81440 حیدرآباد سے حاصل ہوئی ہیں۔ دیگر اضلاع میں عادل آباد 4603 ، کتہ گوڑم 1734 ، ہنمکنڈہ 2077 ، جگتیال 8455 ، جنگاؤں 613 ، بھوپال پلی 340 ، گدوال 784 ، کاما ریڈی 7654 ، کریم نگر 6195 ، کھمم 5641 ، آصف آباد 2093 ، محبوب آباد 815 ، محبوب نگر 6832 ، منچریال 1989 ، میدک 2274 ، ملکاجگیری 14365 ، ملگ 233 ، ناگر کرنول 3156 ، نلگنڈہ 3143 ، نارائن پیٹ 2911 ، نرمل 7829 ، نظام آباد 23154 ، پدا پلی 2503 سرسرلہ 2217 ، رنگا ریڈی 20774 ، سنگا ریڈی 12042 ، سدی پیٹ 5026 ، سوریا پیٹ 1878 ، وقارآباد 5686 ، ونپرتی 1846 ، ورنگل 3701 اور بھونگیر میں 1338 درخواستیں داخل کی گئیں۔ فینانس کارپوریشن کی جانب سے درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے اور حکومت سے 50 ہزار مشینوں کی منظوری کے بعد تقسیم کے طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا ۔ 1