العلا میں دو لاکھ سال قدیم پتھر کے دور کی کلہاڑی دریافت

   

ریاض: سعودی عرب میں رائل کمیشن فار العلا نے اعلان کیا ہے کہ العلا میں قرہ سائٹ پر آثار قدیمہ کی ٹیموں نے ایک ’دستی کلہاڑی‘ دریافت کی ہے جو پتھر کے دور کی ہے۔ اس کا اندازہ دو لاکھ سال قبل لگایا گیا ہے۔نرم بیسالٹ پتھر سے بنی یہ کلہاڑی 51 اعشاریہ تین سینٹی میٹر لمبی ہے جسے کاٹنے یا چھوٹے ٹکڑے کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔قرہ ان تاریخی مقامات میں سے ایک ہے جو ابتدائی اسلامی ادوار اور قبل از اسلام کے دور سے جزیرہ نما عرب میں شہرت رکھتا تھا۔ یہ جزیرہ نما عرب کے اہم ترین شہری مقامات میں سے ایک تھا۔ یہ علاقہ تاریخی رازوں اور تاریخی آثار قدیمہ کی دولت سے مالا مال ہے۔اسلام کے ابتدائی دور میں یہ علاقہ ترقی اور خوش حالی کا مرکز تھا۔قدیم دستی کلہاڑی کو ہیریٹیج کنسلٹنسی کمپنی سے تعلق رکھنے والی ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم نے دریافت کیا۔