الفلاح گروپ کے 140 کروڑ کے اثاثے ضبط، چارج شیٹ داخل

   

چنڈی گڑھ، 16جنوری (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فرید آباد میں واقع الفلاح گروپ کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کے کیس میں دہلی کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی، جس میں تقریباً 140 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کیے گئے تھے ۔چارج شیٹ میں الفلاح گروپ کے چیئرمین جاوید احمد صدیقی اور الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ کا نام ہے جو الفلاح یونیورسٹی اور اس سے منسلک اداروں کو چلاتا ہے ۔ اس سے کیس میں ملزمان کی کل تعداد دو ہوگئی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ ضبط اثاثوں میں فرید آباد کے دھوج علاقے میں تقریباً 54 ایکڑ اراضی کے ساتھ ہی الفلاح یونیورسٹی کی عمارتیں، اکیڈمک بلاکس جہاں مختلف اسکول اور شعبہ جات ہیں، اور ہاسٹل کی سہولیات شامل ہیں۔ یہ جائیدادیں الفلاح ٹرسٹ کے نام پر رجسٹرڈ ہیں اور ایجنسی کے اس نتیجے پر پہنچنے کے بعد عارضی طور پر ضبط کر لی گئی ہیں کہ انہیں جرائم کی رقم سے خریدا گیا تھا۔ ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ دہلی پولس کی کرائم برانچ کی طرف سے دو ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اس کی تحقیقات شروع ہوئی ہے ۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ یونیورسٹی نے طلبہ کو راغب کرنے کیلئے میعاد ختم ہونے والے کورسوں کی تشہیر کرکے نیشنل اسیسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل (NAAC) سے متعلق دعوے سمیت اپنی ایکریڈیٹیشن اور ریگولیٹری اسناد کو غلط انداز میں پیش کیا۔ ایجنسی کے مطابق، یہ غلط بیانات طلبہ اور والدین سے داخلہ فیس حاصل کرنے کیلئے استعمال کیے گئے تھے ۔ تحقیقات کے دوران مالیاتی تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ مدت کے دوران وصول کیے گئے فنڈ ان دعووں سے متعلق تھے ، جس سے وہ منی لانڈرنگ کے دائرے میں آتے ہیں۔