القسام بریگیڈ کا اسرائیلی فوجیوں پر بڑا حملہ، متعدد ہلاک

   

غزہ : فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اُن کی جانب سے غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح شہر کے ایک گھر میں گھسنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا گیا ہے ، جس کے سبب متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈز کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق رفح کے مشرق میں واقع طننور محلے کے ایک گھر میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو اینٹی پرسنل گولہ بارود سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں بعض اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ، ہلاک شدگان اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹر علاقہ میں اترے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں اور علاقے پر قبضہ کرنے کے مقصد سے بری آپریشن شروع کرنے والی اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریکِ حماس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیل کو حزب اللہ کمانڈر ابراہیم عقیل کے قتل کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ رپورٹ کے مطابق حماس نے لبنان میں حزب اللہ کمانڈر ابراہیم عقیل کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے ۔ فلسطینی مزاحمتی تحریکِ کے مطابق حزب اللہ کمانڈر ابراہیم عقیل کا بزدلانہ قتل جرم اور حماقت ہے ۔ ادھر غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں متعدد فلسطینیوں کے جاں بحق ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک پناہ گزیں کیمپ میں تلاشی کے نام پر فلسطینی نوجوانوں کو نہ صرف شہید کردیا بلکہ ان کی نعشوں کی بے حرمتی کرتے ہوئے چھت سے نیچے پھینک دیا۔