اللہ ہمارے ساتھ تھا:مورگن

,

   

لارڈز۔15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ 2019 کا خطاب جیتنے والی انگلش ٹیم کے کپتان ایان مورگن نے کہا کہ ورلڈکپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔کرکٹ کے عالمی میلے کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ فاتح قرار پایا اور 3 مرتبہ کی ناکام کوششوں کے بعد بالآخر چوتھی کوشش پر پہلی مرتبہ ورلڈکپ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مورگن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔اپنی بات کو مزید جاری رکھتے ہوئے انگلش کپتان نے کہا کہ بالکل میری عادل رشید سے بات ہوئی تو اس نے کہا تھا کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی خاص بات اس میں شامل مختلف ثقافت سے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے آئی سی سی قوانین تنقید کرنے کے بجائے کہا کہ میچ سے قبل تمام قوانین طے تھے، تاہم ضرور ہے کہ اس شکست کوہضم کرنا بہت مشکل ہے اور حقیقت ہے۔ ورلڈکپ فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 241 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔میچ ٹائی ہونے پر ورلڈ کپ کے قوانین کے تحت فائنل میچ کا فیصلہ سوپر اوور پرکرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے ساتھ ہی ونڈے کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ جب کسی بھی میچ کا فیصلہ سوپر اوور تک گیا ہو۔ حیرت انگیز طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان سوپر اوور بھی ٹائی ہوگیا، تاہم اننگز کے دوران مجموعی طور پر نیوزی لینڈ سے زیادہ باؤنڈریز اسکور کرنے پر انگلینڈ کی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔