کتہ پلی میں بھروسہ سنٹر کا افتتاح، ڈی جی پی جیتندر کا بیان
حیدرآباد 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جیتندر نے سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعہ میں اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے واضح کیاکہ ان کا فلم اسٹار الو ارجن کے خلاف کوئی ذاتی تعلق نہیں ہے۔ کریم نگر ضلع کے کتہ پلی میں بھروسہ سنٹر کے افتتاح کے دوران اُنھوں نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہاکہ سندھیا تھیٹر کا واقعہ افسوسناک ہے۔ ہم الو ارجن کے خلاف نہیں ہیں، شہریوں کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ وہ فلم کا ہیرو ہوسکتا ہے لیکن زمینی صورتحال کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس طرح کے واقعات شہریوں کی حفاظت کے لئے نقصان ہے۔ فلم کی تشہیر کو لوگوں کی حفاظت پر کبھی ترجیح نہیں دینی چاہئے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم اداکار موہن بابو کے خلاف ایک صحافی پر حملہ کے سلسلہ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ڈی جی پی نے خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لئے ریاستی حکومت کے عزم کے بارے میں مزید کہاکہ ہم عوام کی حفاظت کے لئے 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کی پہل کی وجہ سے بھروسہ کیندر قائم کئے جارہے ہیں۔ دوسری ریاستوں سے ان مراکز کا دورہ کررہے ہیں۔ ہم خواتین اور بچوں کی حفاظت کو بڑھانے کے لئے ریاست کے ہر ضلع میں یہ مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ خواتین کسی بھی مسئلہ کے لئے بھروسہ کیندروں سے رجوع ہوسکتی ہیں۔ ان مراکز میں قانونی ماہرین اور ڈاکٹر موجود ہیں جو کسی بھی مسئلہ کو حل کرسکتے ہیں۔ (ش)