الو ارجن کی رہائی میں جیل حکام کی کوئی غلطی نہیں

   

محکمہ کی سالانہ رپورٹ جاری ، ڈی جی سومیا مشرا کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلگو فلم اسٹار الوارجن کی رہائی میں جیل حکام نے کوئی غلطی نہیں کی ۔ پشپا 2 کے اسٹار ہیرو الوارجن کو جیل سے رہائی کے معاملہ میں تنقیدوں کا سامنے کررہے جیل حکام نے آج اس معاملہ میں وضاحت کردی ۔ ڈی جی جیل سومیا مشرا نے کہا کہ الوارجن کی رہائی میں جیل حکام نے کوئی غلطی نہیں کی ۔ انہوں نے آج یہاں محکمہ کی سالانہ رپورٹ کو جاری کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی جیل سومیا مشرا نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے قیدیوں کے لیے بہترین اقدامات کو انجام دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2024 میں (1045) افراد کو لوک عدالت کے ذریعہ موقع فراہم کیا گیا ۔ سومیا مشرا نے بتایا کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کرتے ہوئے 2650 قیدیوں کو اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ٹریننگ دی گئی اور بہتر اخلاقی مظاہرہ کرنے والے 213 قیدیوں کی رہائی کو عمل میں لایا گیا ۔ ڈی جی جیل نے بتایا کہ سال 2024 میں 8 قیدیوں کو بنک لون دیا گیا ۔ جیل میں رہتے ہوئے 750 قیدیوں نے گریجویشن کی تعلیم مکمل کی اور 225 نے پوسٹ گریجویٹ کے سرٹیفیکٹس حاصل کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کو مصروف رکھتے ہوئے ان کی ذہنی تربیت بھی کی جارہی ہے اور ان میں تبدیلی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جیل میں رہنے والے قیدیوں سے گھریلو ضرورت کی اشیاء کو تیار کرایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹیلرنگ ، پرنٹنگ پریس ، بیکری یونٹ ، پولیٹری جیسی صنعت کو قائم کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے موثر اقدامات کرتے ہوئے قومی سطح پر آئیل کمپنیوں سے معاہدہ کرتے ہوئے 29 اوٹ لیٹ قائم کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں کو پلاسٹک سے دور رکھنے کے اقدامات پر صد فیصد عمل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں جیل ڈپارٹمنٹ کا اسٹال قائم کیا گیا ہے اور اس اسٹال کو حکومت کی جانب سے ایوارڈ بھی حاصل ہوا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب ریاست کی جیلوں کی مرمت کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ع