الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کے چیف سکریٹری کو ہٹادیا ، ایل وی سبرامنیم کا تقرر

   

امراوتی /5 اپریل ( پی ٹی آئی ) الیکشن کمیشن نے جمعہ کو آندھراپردیش کے چیف سکریٹری انیل چندرا پونیتا کو ان کے عہدہ سے ہٹادیا اور ان کے بجائے 1983 بیاچ سے تعلق رکھنے والے سینئیر ترین آئی اے ایس افسر ایل وی سبرامنیم کا تقرر کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے حکومت آندھراپردیش کے نام اپنے ایک مراسلہ میں یہ اطلاع دی ہے ۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران دیگر دو سرکردہ سرکاری افسران کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹادیا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے یہ ہدایت دی ہے کہ آواخر مئی میں وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے پونیتا کو غیر انتخابی عہدے پر تعینات کیا جائے ۔ پونیتا نے ڈی جی انٹلی جنس اے بی وینکٹیشور راؤ کو ہٹانے سے متعلق الیکشن کمیشن کے حکم کو چیالنج کو کرتے ہوئے 27 مارچ کو ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔