الیکشن کمیشن نے اپنے حدود سے تجاوز کیا : کے سی آر

   

حضور آباد میں دلت بندھو اسکیم روکنے پر شدید ردعمل
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی چناؤ سے عین قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کو رائے دہی تک روکنے سے متعلق احکامات پر چیف منسٹر کے سی آر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے حدود سے تجاوز کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے حالانکہ دلت بندھو جاریہ اسکیم ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جولائی میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا اور یہ جاریہ اسکیم ہے اور کمیشن نے اسکیم پر روک لگاتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز کیا ہے۔ چیف منسٹر نے اسکیم کے استفادہ کنندگان سے خواہش کی کہ وہ پریشان نہ ہوں الیکشن کمیشن طویل عرصہ تک اسکیم کو روک نہیں پائے گا۔ 2 نومبر کو نتیجہ کا اعلان ہوگا جس کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق 4 نومبر کو ختم ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن 4 نومبر تک اسکیم کو روک سکتا ہے جس کے بعد میں خود حضورآباد پہنچ کر دلت بندھو کے استفادہ کنندگان کو امدادی رقم کے چیک حوالے کروں گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست بھر میں دلت بندھو اسکیم پر عمل کیاجائے گا اور اس بارے میں دلت خاندانوں کو الجھن میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں انہوں نے کافی ہوم ورک کیا ہے اور کسی بھی اسکیم پر عمل آوری یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے وعدوں سے انحراف نہیں کیا ہے۔ چیف منسٹر نے حضور آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ دلت رائے دہندوں کو اسکیم پر عمل آوری کا بھروسہ دلائیں ۔ر