الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر قومی سطح پر شکوک و شبہات

   

انتخابی طریقہ کار پر دوبارہ غور و خوض کرنے پر زور ، صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /24 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ حاصل ہونے والے نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریاستی سطح اور قومی سطح پر انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال سے متعلق شکوک و شبہات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے بلکہ مختلف ریاستوں بشمول ریاست تلنگانہ میں گزشتہ ماہ منعقدہ اسمبلی انتخابی نتائج کے سلسلہ میں بھی استعمال کردہ مشینوں کے تعلق سے کئی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ۔ یہاں تک کہ ووٹوں کی گنتی کے موقعہ پر مشینوں میں ڈالے گئے ووٹوں اور وی وی پیاٹس سلپس کی تعداد میں کافی فرق ہونے کی شکایتیں منظر عام پر آئیں ۔ لیکن متعلقہ رٹرننگ آفیسرس نے ان مشینوں میں پائی جانے والی مبینہ بے قاعدگیوں کی پردہ پوشی کرتے ہوئے کی گئی شکایات پر کوئی توجہ نہ دیتے ہوئے نتائج کا اعلان کردیا ۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے یہ بات کہی اور بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن اور ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابی عمل کو ایک مذاق بنادیا ہے ۔ مسٹر ایل رمنا نے سال 2009 ء میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال پر خود موجودہ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے شکوک و شبہات کئے تھے ۔ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ سال 2009 ء میں کے چندر شیکھر راؤ نے کہا تھا کہ آج جب ستاروں کو ہی زمین سے مانیٹرنگ کیا جاسکتا ہے تو الیکٹرانک ووٹنگ مشینس میں الٹ پھیر (ٹیامپرنگ) کرنا کوئی اہمیت ہی نہیں رکھتی ہے ۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر رمنا نے صدر تلنگانہ راشٹراسمیتی و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے موجودہ موقف کے تعلق سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب یعنی سال 2009 ء میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقتدار میں نہیں تھے ۔ لیکن آج وہ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار ہیں ۔ جس کی وجہ سے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کیلئے آج مشینوں میں ٹیامپرنگ ٹیاپنگ اور ٹریکنگ پر اپنا یقین رکھتے ہیں ۔ مسٹر ایل رمنا نے پرزور الفاظ میں کہا کہ موجودہ پائے جانے والے انتخابی طریقہ کار (الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال پر) سنجیدگی کے ساتھ تفصیلی غور و خوض کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔