الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا بغور جائزہ لینے شردپوار کا مشورہ

   

ممبئی ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) الیکٹرانک ووٹنگ مشینس (ای وی ایمس) کے ہیر پھیر سے محفوظ نہ ہونے کے الزامات کے درمیان این سی پی کے سربر اہ شردپوار نے اپنی پارٹی کے بوتھ سطحی کارکنوں کو مشور ہ دیا ہے کہ رائے دہی کے دن ان ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی کے معائنہ کے موقع پر چوکسی اختیار کریں ۔ اپوزیشن جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ہیرپھیر اور توڑ جوڑ کی شکایت کی ہے اور وہ چاہتی ہیں الیکشن کمیشن کی طرف سے بیلٹ پیپر کے ذریعہ رائے دہی کا طریقہ بحال کیا جائے ۔ تاہم الیکشن کمیشن بارہا مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ ای وی ایمس ہر قسم کی ہیرپھیر سے محفوظ ہیں جن کی ہیکنگ نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی ان کے ذریعہ بوگس رائے دہی ممکن ہوگی ۔ شردپوار نے ضلع بیڑ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ ’ بی جے پی پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔ رائے دہی کے دن اب پولنگ اسٹیشن جائیں اور دیکھیں کہ آیا رائے دہی مناسب انداز میں منعقد ہورہی ہے ۔ این سی پی کے ریاستی سربراہ جیئنت پٹیل نے ووٹروں سے بات چیت کی ۔