نئی دہلی 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اعلیٰ اختیاری جی ایس ٹی کونسل نے ہفتہ کو برقی سے چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں پر عائد ٹیکس 12 فیصد سے گھٹاکر 5 فیصد کردیا۔ اس اقدام سے ماحولیات دوست آلات و اوزار کو عام کرنے میں حوصلہ افزائی ہوگی۔ جی ایس ٹی کی تخفیف شدہ نئی شرح پر یکم اگسٹ سے عمل آوری ہوگی۔ نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس کو 12 فیصد سے گھٹاکر 5 فیصد کیا گیا ہے بلکہ ان گاڑیوں کے چارجرس یا چارجنگ اسٹیشنس کے شرح محصول کو بھی 18 فیصد سے 5 فیصد تک گھٹادیا گیا ہے۔ کونسل نے 12 یا اس سے زائد مسافرین کو لیجانے والی الیکٹرک گاڑیوں کے حصول پر جی ایس ٹی سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلے کئے گئے ہیں۔